کاروار:19؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز)ایس ڈی پی آئی سرسی کے کارکن مصنف پر سرسی سرکل پولس انسپکٹر کی طرف سے جسمانی زدوکوب اورگالی گلوچ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا اُترکنڑا ضلعی شاخ نے کاروار میں ضلع کے ایس پی سے ملاقات کرتے ہوئے اُنہیں میمورنڈم پیش کیا ہے جس میں متعلقہ پولس انسپکٹر کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کی مانگ کی گئی ہے ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہےکہ 15اکتوبر کو پارٹی کے کارکن مصنف ایک حادثے کےمعاملےمیں سرسی پولس تھانے کو انشورنس کی نقل دینےپہنچے تھے مگر ان پر بغیر کسی وجہ کے سرکل انسپکٹر نے جسمانی طورپر زود وکوب کیا اور گالی گلوچ کیا۔ بعد میں ایس ڈی پی آئی میں سرگرم رہنے کے متعلق سوال کرتےہوئے اُسے دھمکایا گیا۔ ایس ڈی پی آئی کی طرف سے کہاگیا ہےکہ پولس آفسر نے ملک کے دستور میں بیان کردہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے، سیاسی پارٹیوں میں شامل ہونا اس ملک کے ہرایک شہری کی آزادی اور حق ہے مگر متعلقہ پولس آفسر نے کارکن پر حملہ کرتےہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔
میمورنڈم میں معاملےکی جانچ کرتےہوئے پولس افسران اور عملے کی طرف سے ناانصافی کا شکار متاثر ہ نوجوان کے ساتھ انصاف کرنےکا مطالبہ کیاگیا ہے۔ساتھ ساتھ حملہ کرنے والے افسران اور عملہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی بھی مانگ کی گئ ہے۔ اس موقع پرایس ڈی پی آئی کے ضلع صدر توفیق بیاری سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔